لاہور(اے بی این نیوز)ڈپٹی کمشنر لاہور نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے بحال ہو جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد لاہور میں سکول دوبارہ کھل رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام سکول یکم ستمبر سے دوبارہ کھل جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے سکول اور ریلیف کیمپس بدستور بند رہیں گے، والدین اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سکول انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تمام سکول محکمہ تعلیم کی ہدایات پر عمل درآمد کے پابند ہونگے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی نے گرمیوں کی تعطیلات میں 7 ستمبر تک توسیع کا اعلان کیا تھا اور اب کلاسز 8 ستمبر 2025 کو دوبارہ شروع ہوں گی جبکہ سیالکوٹ میں ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 8 ستمبر تک بڑھانے کا اعلان کردیا ہے۔
حالیہ سیلاب کی وجہ سے ضلع شیخوپورہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں یکم ستمبر سے تا حکم ثانی سکول بند رہیں گے،ڈی سی شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے سکول بند کرنیکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں سیلاب سے متاثرہ 15 سکول شامل ہیں ، سیلاب سے متاثرہ شرقپور کے 10 سکول بھی یکم ستمبر سے تا حکم ثانی بند رہیں گے ۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے مختلف شہروں میں آج اتوار31اگست 2025 موسم کی تازہ ترین صورتحال