اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی پنشنرز کے لیے بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔ حکومت نے پنشن میں فارمولہ پر مبنی 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت ای او بی آئی پنشنرز کو بقایا جات سمیت ادائیگی کی جائے گی، جبکہ ادارہ ماہانہ بنیاد پر پنشن کی مد میں 10 ارب روپے جاری کرے گا۔
اس اضافے کے بعد طویل سروس کرنے والے پنشنرز کے لیے ایک بڑا ریلیف سامنے آیا ہے کیونکہ اب وہ 30 ہزار روپے ماہانہ سے زائد پنشن وصول کر سکیں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام بڑھتی ہوئی مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنے اور ریٹائرڈ افراد کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔
وفاقی کابینہ نے مزید یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ غیر رسمی شعبے، گھریلو ملازمین اور زرعی مزدوروں کو بھی ای او بی آئی کے دائرہ کار میں لایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ان طبقات کو پنشن سسٹم میں شامل کرنے کے طریقہ کار پر سفارشات تیار کرے گی۔
حکومتی فیصلے کو پنشنرز اور معاشی ماہرین دونوں نے سراہا ہے کیونکہ یہ نہ صرف ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ مستقبل میں معاشرتی تحفظ کے نظام کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔
مزید پڑھیں :کرکٹر راشد خان کیلئے خبر غم اور کھلاڑیوں کی ڈھارس