اہم خبریں

بھارت نے پانی چھوڑا، پنجاب حکومت نے عوام کو بچا لیا،مریم نواز

لاہور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کا میڈیکل اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ نے بھی غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب کی ٹیم نے محنت اور لگن کے ساتھ سیلابی صورتحال کا کامیاب مقابلہ کیا اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے۔

مریم نواز نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریاؤں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوئی اور گنجائش سے زیادہ پانی بہنے کے باعث کئی اضلاع متاثر ہوئے۔ تاہم حکومت پنجاب نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سب سے پہلے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں جانیں بچا لی گئیں۔ ان کے مطابق تقریباً چھ لاکھ افراد کو بروقت سیلابی علاقوں سے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اور ایوکیوایشن آپریشن ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کی زندگی اور روزگار کا بڑا دارومدار مویشیوں پر ہے، اس لیے ان کو بھی بروقت محفوظ بنایا گیا۔ تمام اداروں نے مل کر بڑے پیمانے پر یہ آپریشن مکمل کیا، جس کا پہلا اور اہم مرحلہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا تھا، اور یہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ ریلیف آپریشن کے دوران ضروری ادویات، ویکسینز اور بنیادی سہولیات ہر وقت دستیاب رہنی چاہییں، کلینکس مکمل طور پر فعال ہوں اور متاثرہ اضلاع میں ان کی تعداد بڑھائی جائے۔ مریم نواز نے کہا کہ ریلیف ٹیموں کو خود ضرورت مندوں تک پہنچنا ہوگا تاکہ عوام کو انتظار نہ کرنا پڑے۔ ساتھ ہی انہوں نے فیلڈ انفارمیشن کے منظم سسٹم پر زور دیا تاکہ ہر گاؤں اور ہر گلی کی صورتحال سے بروقت آگاہی حاصل ہو سکے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس اور دیگر فورسز منظم رہیں جبکہ ایگریکلچر، ہیومن ریسورس، لائیو اسٹاک اور انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹس بھی ہر جگہ فوری رسپانس دیں۔ ضرورت پڑنے پر ایڈیشنل فنڈز اور راشن کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ متاثرہ افراد کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلابی صورتحال اور ریلیف آپریشنز کے حوالے سے بڑے فیصلے اور اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی تنہا نہ چھوڑا جائے اور حکومت پنجاب ہر متاثرہ شخص تک خود پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلیف آپریشنز کے دوران ادویات، ویکسینز اور دیگر ضروری اشیا مسلسل دستیاب رہیں جبکہ ہر ضلع میں کلینکس کو مکمل فعال رکھا جائے اور متاثرہ علاقوں میں ان کی تعداد مزید بڑھائی جائے۔

وزیراعلیٰ نے واضح ہدایت کی کہ ریلیف ٹیمیں لوگوں کے انتظار میں نہ رہیں بلکہ خود ضرورت مندوں تک پہنچیں، چاہے وہ دور دراز دیہات میں ہوں یا کسی گلی محلے میں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ انفارمیشن کا ایسا نظام بنایا جائے جس سے ہر گاؤں اور ہر گلی کی صورتحال بروقت رپورٹ ہو سکے۔ ساتھ ہی کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس اور دیگر اداروں کو منظم انداز میں مل کر کام کرنے کی تاکید کی۔

مریم نواز نے کہا کہ ہر شخص تک کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور پیسوں کی فکر کیے بغیر ہزاروں کی تعداد میں خشک راشن، کپڑے اور پینے کا صاف پانی پہنچایا جائے۔ لائیو اسٹاک کے لیے چارہ اور پانی بھی ہر جگہ دستیاب رکھا جائے تاکہ لوگوں کا روزگار متاثر نہ ہو۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ نارووال میں ایک مقدس عبادت گاہ کو پانی سے محفوظ کیا گیا جسے دیکھ کر سرحد پار سے آنے والے افراد نے بھی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قصور اور دیگر اضلاع میں ریلیف اور رابطے کے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں، ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ساتھ بھی مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی جائے، جبکہ ایریگیشن ڈپارٹمنٹ مستقبل کے لیے اس آفت سے سبق سیکھ کر تمام اقدامات دستاویزی کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ فی الحال پوری توجہ ریلیف آپریشنز پر رکھی جائے۔

مریم نواز نے پاک آرمی، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی بہادری اور بروقت امداد نے ہزاروں جانیں بچائی ہیں۔ سیف سٹیز اتھارٹی کی 22 اضلاع میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، ڈرونز اور تھرمل امیجنگ کے ذریعے ریسکیو آپریشن کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرونز کو صرف دکھاوے کے لیے نہیں بلکہ حقیقی مدد کے لیے استعمال کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ہر ضلع میں تقسیم ہونے والے راشن اور ریلیف اشیا کی روزانہ رپورٹ فراہم کی جائے، خطرناک یا زیر تعمیر عمارتوں کا فوری سروے کیا جائے اور وہاں سے لوگوں کو ایویکیوٹ کیا جائے۔ مویشیوں اور لائیو اسٹاک کے نقصان کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں اور ہر ضلع میں ایک “گم شدہ یا ملا ہوا جانور” ڈپارٹمنٹ قائم کیا جائے تاکہ متاثرین کا روزگار محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور پولیس افسران کی خدمات لائق تحسین ہیں جنہوں نے خود فیلڈ میں جا کر ریسکیو اور ایویکویشن میں حصہ لیا۔ مریم نواز کے مطابق یہ سب اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پنجاب حکومت ایک مربوط نظام کے تحت ریلیف مشن چلا رہی ہے تاکہ انسانی جانوں اور عوام کے وسائل کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں :کرکٹر راشد خان کیلئے خبر غم اور کھلاڑیوں کی ڈھارس

متعلقہ خبریں