اہم خبریں

سیلاب اپ ڈیٹ: ملکی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی آبی تباہی ،لاکھوں افراد متاثر،3 دریا شدید سیلاب کی لپیٹ میں

اسلام آباد( اے بی این نیوز       ) این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں دریاؤں کی خطرناک صورتحال پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تینوں مشرقی دریا شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہیں جبکہ دریائے سندھ میں بھی انتہائی سنگین صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق 3 ستمبر سے 9 لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا ہیڈ پنجند سے گزرے گا اور اگر بند ٹوٹ گیا تو ایک لاکھ کیوسک پانی کا رخ تبدیل ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں 8 لاکھ 25 ہزار کیوسک کا دباؤ سامنے آئے گا۔ گڈو بیراج پر 5 سے 6 ستمبر کے دوران 8 سے 11 لاکھ کیوسک کا بہاؤ متوقع ہے اور اگر پانی کا رخ موڑا گیا تو یہاں دباؤ 7 سے 9 لاکھ کیوسک تک ہو سکتا ہے۔

دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح ریکارڈ حد تک بلند ہو چکی ہے۔ مرالہ ہیڈ ورکس پر ایک لاکھ 9 ہزار کیوسک، خانکی پر ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک اور قادر آباد پر ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا۔ چنیوٹ پل سے 8 لاکھ 55 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے جبکہ ریواز پل پر سطحِ آب 521.90 فٹ تک جا پہنچی ہے۔ تریموں ہیڈ ورکس پر بھی بہاؤ ایک لاکھ 28 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق 1955 کے بعد ستلج میں پہلی بار اتنی خطرناک صورتحال دیکھنے کو ملی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قصور کی جانب پانی بھارت میں بند ٹوٹنے کے باعث بڑھا، جس سے آبادی کو بچانے کے لیے بند میں شگاف ڈالنا پڑ رہا ہے۔ اگر پانی مزید بڑھا تو ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام کو بھی شدید خطرہ لاحق ہوگا۔ لاہور، قصور، چنیوٹ اور جھنگ سمیت کئی اضلاع میں ہزاروں افراد متاثر ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد آبادی براہِ راست خطرے میں ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے انکشاف کیا کہ اب تک 28 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، تاہم ریسکیو ٹیمیں دن رات امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ جھنگ اور شورکوٹ کے قریب شگاف ڈال کر کچھ علاقوں کو بچایا گیا ہے لیکن پانی بہاولپور اور پنجند تک پہنچنے سے خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی آبی تباہی سامنے آئی ہے جس نے زراعت، انفراسٹرکچر اور لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو براہِ راست متاثر کیا ہے۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نشیبی علاقوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ جانی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں :پنجاب میں ضمنی انتخابات، پی ٹی آئی حصہ لے گی یا نہیں،عمران خان کا بڑا اعلان سامنے آگیا ،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں