اہم خبریں

ضرورت سے زیادہ سی سی ٹی وی نگرانی بھی ہراسگی ہے،وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت

اسلام آباد(رانا فرخ سعید)وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ضرورت سے زیادہ سی سی ٹی وی نگرانی بھی ہراسگی ہے،ملزم نے سی سی ٹی وی کی اسکرین شاٹس شکایت کنندہ کو بھیج کر ایک خوفناک اور دباؤ والا ماحول پیدا کیا۔ملزم اظہر عباس شکایت کنندہ کو پچاس ہزار روپے ادا کریں،حکم نامے کی تعمیلی رپورٹ پندرہ یوم میں جمع کروائی جائے۔شکایت کنندہ خاتون نے یاشل انگلش ہاؤس کے چیف ایگزیکٹو اظہر عباس کیخلاف ہراسانی کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ دورانِ ملازمت مسلسل ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا،نہ تقرری کا خط دیا گیا نہ ہی ملازمت کی شرائط و ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا،ملزم نے موبائل پر انہیں سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائی اور کہا کہ وہ مسلسل ان پر نظر رکھتے ہیں، ملزم نے ناپسندیدہ جنسی پیش قدمیاں کیں،انہیں اسلام آباد لے جانے اور گھر چھوڑنے کی پیشکش کی۔چھٹی بھی نہیں دی گئی اور غیرمعقول کام کے تقاضے مسلط کیے گئے. دفتر بلا کر بدتمیزی کی،بے بنیاد الزامات لگائے اور نازیبا و ہراسان کن زبان استعمال کی۔جنوری میں جب باضابطہ ہراسانی کا نوٹس بھیجا تومیری ملازمت ختم کر دی گئی اور تنخواہ بھی روک لی گئی۔اپنے دفاع میں اظہر عباس نے کہا کہ شکایت کنندہ کو بطور اسٹوڈنٹ کاؤنسلر مقرر کیا گیا تھا جس پر 3 سے 6 ماہ کا پروبیشن پیریڈ لاگو تھا،شکایت کنندہ کی بدانضباطی اور ناقص کارکردگی کے باعث حتمی وارننگ دی،سی ای او سے بدتمیزی کرنے پرملازمت ختم کی،شکایت کنندہ نے برخاستگی کا خط لینے سے انکار کیا اور 20 دن کی چھٹی کی درخواست دی جو مسترد کر دی گئی۔وفاقی محتسب نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ اضافی کام اور چھٹی کے حوالے سے شواہد ناکافی تھے، 24 جنوری کے واقعے پر واضح شواہد موجود نہ تھے،سی سی ٹی وی نگرانی کے حوالے سے یہ ثابت ہوا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کو ہدف بنایا اور فوٹیج بھی بھیجی، جس سے نفسیاتی دباؤ اور ہراسانی کے شواہد ملے ہیں،عدالتی نظائر (یورپی کورٹ، کینیڈین کیسز وغیرہ) کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا جاتا ہے کہ ضرورت سے زیادہ یا مخصوص افراد کو ہدف بنا کر نگرانی کرنا ہراسانی کے زمرے میں آتا ہے۔ملزم پر معمولی سزا (سرزنش) عائد کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ انہیں حکم دیا جاتا ہے کہ وہ شکایت کنندہ کو 50,000 روپے بطور معاوضہ ادا کریں۔

مزید پڑھیں :دریائےچناب بے قابو ،چنیوٹ اورجھنگ کوخطرہ،بندپرموادلگادیاگیا

متعلقہ خبریں