اسلام آباد (اے بی این نیوز) دفاعی تجزیہ کار جنرل ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ نے اے بی این نیوز کے پروگرام تجزیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا بھرپور دفاع کیا ہے اور بھارت کے پروپیگنڈے کو دنیا کے سامنے ناکام بنایا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود اپنے دفاع کو جدید خطوط پر استوار رکھا اور ہر سطح پر دنیا کو یہ باور کرایا کہ پاکستان ایک مضبوط اور ذمہ دار ملک ہے۔
جنرل (ر) غلام مصطفیٰ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے الزامات اور پروپیگنڈا مہم کے باوجود پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ یہ ملک نہ صرف اپنے مؤقف پر قائم ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک باوقار حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق “مودی نے بڑے بڑے دعوے کیے لیکن دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان دباؤ میں آنے والا ملک نہیں۔ عوام اور فوج نے مل کر یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان کسی بھی دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اب اس سطح پر پہنچ چکے ہیں جہاں انہیں نہ صرف اسٹریٹیجک بلکہ بین الاقوامی امن و استحکام کے ضامن تعلقات کہا جا سکتا ہے۔ “سی پیک کی کامیابی کی سب سے بڑی ضمانت پاکستان کی فوج ہے اور یہی وجہ ہے کہ چین نے کھل کر پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔”
جنرل (ر) غلام مصطفیٰ کے مطابق امریکہ نے بھی یہ حقیقت تسلیم کر لی ہے کہ پاکستان کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔ “امریکہ کو یہ سمجھ آگئی ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو نہ صرف خطے کے تنازعات کے حل میں کردار ادا کر سکتا ہے بلکہ عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں توازن بھی قائم رکھ سکتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں مثبت پیش رفت خوش آئند ہے۔ “کچھ عرصہ پہلے تک یہ تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا کہ ڈھاکہ اور اسلام آباد کے درمیان دوستانہ تعلقات کی بنیاد رکھی جائے گی لیکن اب حالات بدل رہے ہیں۔ بھارت کی چالاکیوں نے خود اس کی مشکلات بڑھا دی ہیں جبکہ بنگلہ دیش پاکستان کے قریب آ رہا ہے۔”
افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) غلام مصطفیٰ نے کہا کہ وہاں کی صورتِ حال پاکستان کے لیے چیلنج ضرور ہے لیکن چین اور پاکستان کی شراکت داری اس مسئلے کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ “افغانستان میں دراندازی کے واقعات ایک حقیقت ہیں لیکن پاکستان کے پاس اب زیادہ بہتر حکمتِ عملی موجود ہے۔ طالبان قیادت بھی یہ سمجھ رہی ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کے بغیر وہ آگے نہیں بڑھ سکتے۔”
انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں پاکستان کے کردار کو مزید اہمیت حاصل ہو گی کیونکہ خطے کے تمام ممالک اب یہ تسلیم کر رہے ہیں کہ پاکستان کے بغیر امن کا قیام ناممکن ہے۔
مزید پڑھیں:انجینئرمحمد علی مرزا پر تھانہ سٹی میں مقدمہ درج