ڈھاکا (نیوز ڈیسک) بنگلادیش کی وزارت خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے حالیہ دورۂ ڈھاکا کو دونوں ممالک کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایک اہم اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان اور بنگلادیش نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بنگلادیشی مشیر خارجہ سے ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
پاکستان نے بنگلادیشی طلبا کے لیے “پاکستان بنگلادیش کوریڈور” کے آغاز کا اعلان کیا، جس کے تحت آئندہ برسوں میں متعدد طالب علموں کو اسکالرشپس دی جائیں گی، جن میں طب کے شعبے کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان بنگلادیشی سول سرونٹس کو تربیت فراہم کرے گا اور طبی شعبے میں جدید سہولیات و اعضا کی پیوندکاری کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
دونوں ممالک نے ویزا سہولت میں نرمی اور سفارتی روابط کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ بھی طے پا گیا۔
اس دورے کے دوران دونوں ممالک کی خارجہ سروس اکیڈمیز اور تھنک ٹینکس کے درمیان بھی تعاون کے معاہدے ہوئے، جو مستقبل میں پالیسی سازی اور تحقیق کے میدان میں مشترکہ پیش رفت کی راہ ہموار کریں گے.
مزیدپڑھیں:نماز پڑھ کر نوڈلز کھائے، 30 منٹ بعد موت 13سالہ حافظ قرآن کا دل دہلا دینے والا واقعہ