اہم خبریں

دیہات سے لے کر پوش علاقوں تک، ہر گھر پر کوڑا ٹیکس نافذ

لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صفائی کے نئے منصوبے “ستھرا پنجاب” کے تحت کوڑا ٹیکس نافذ کر دیا ہے، جس کا ابتدائی اطلاق صوبے کے پوش اور کمرشل علاقوں میں کیا گیا ہے۔ یہ اقدام پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد عمل میں لایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں میں رہائشی و تجارتی یونٹس پر مختلف شرحوں سے کوڑا ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ شہری علاقوں میں پانچ مرلہ کے گھر پر 300 روپے، پانچ سے دس مرلہ پر 500 روپے، جبکہ دس مرلہ سے ایک کنال تک کے گھروں پر 1000 روپے ماہانہ کوڑا ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔ دو سے چار کنال کے گھروں سے 2000 روپے اور چار کنال سے زائد رقبے والے گھروں سے 5000 روپے ماہانہ وصول کیے جائیں گے۔

دیہی علاقوں میں پانچ مرلہ سے دو کنال تک کے گھروں پر 200 روپے، جبکہ دو کنال سے زائد رقبے والے گھروں پر 400 روپے ماہانہ کوڑا ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

تجارتی یونٹس کے لیے بھی الگ شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔ شہری علاقوں میں چھوٹی دکانوں سے 500 روپے، درمیانے درجے کی دکانوں سے 1000 روپے، اور بڑے کاروباری مراکز سے 3000 روپے ماہانہ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ دیہی علاقوں میں چھوٹی دکانوں پر 300 روپے، درمیانے درجے کی دکانوں پر 700 روپے، اور بڑے کاروباری مراکز پر 2000 روپے ماہانہ کوڑا ٹیکس نافذ کیا گیا ہے۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے کوڑا ٹیکس کے بلوں کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ ان کی وصولی ریونیو اور آپریشنل ٹیموں کے ذریعے کی جائے گی۔

یہ اقدام صوبے میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور کچرا مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں:مشکل حالات کے باوجود عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، شاہد خٹک

متعلقہ خبریں