اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہد خٹک نے اے بی این نیوز کے پروگرام ڈی بیٹ ایٹ 8 میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف مشکل حالات کے باوجود عوامی سطح پر منظم ہے اور کارکنان ہر کال پر بھرپور انداز میں باہر نکلتے ہیں۔
شاہد خٹک کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی تحریک انصاف نے بڑے پیمانے پر پرامن احتجاج کیے جن میں عوام کی غیر معمولی تعداد شریک ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست اور چودہ اگست کے پروگرامز اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ عوام آج بھی عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن پارٹی کے اندر مشاورت کا عمل جاری ہے اور سب کی کوشش ہے کہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ شاہد خٹک کے مطابق کارکنان پر دباؤ اور رکاوٹوں کے باوجود تحریک انصاف ملک بھر میں اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام کی حمایت ہی تحریک انصاف کا اصل سرمایہ ہے اور اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو یقین ہونا چاہیے کہ تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی بڑے فیصلے کی صورت میں عوام ایک مرتبہ پھر بڑی تعداد میں سامنے آئیں گے۔
مزیدپڑھیں:معروف بھارتی بلے باز نےکرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا