اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) قومی ایئرلائن (پی آئی اے) اسلام آباد — پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے یورپ جانے والے مسافروں کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے لاہور سے پیرس تک فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قومی ایئرلائن اپنے آپریشنل بیڑے کو محدود کر کے برطانوی روٹس کی تیاری میں مصروف ہے، اور طیاروں کی تزئین و آرائش کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق، پیرس سے لاہور کے لیے آخری پرواز 12 ستمبر کو روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے پیرس کی آخری فلائٹ 17 ستمبر کو روانہ کی جائے گی۔ اس کے بعد لاہور سے یورپ کے اس اہم شہر کے لیے براہِ راست سفر ممکن نہیں ہوگا۔ تاہم، اسلام آباد سے پیرس کے لیے دو طرفہ فلائٹ آپریشن بدستور جاری رہے گا، جس سے دارالحکومت کے مسافروں کو کچھ ریلیف حاصل رہے گا۔
یاد رہے کہ پی آئی اے نے 18 جون سے لاہور سے پیرس کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں شروع کی تھیں، جو یورپ جانے والے مسافروں کے لیے ایک سہولت سمجھی جا رہی تھی۔ مگر اب، بیڑے میں شامل بارہ بوئنگ 777 طیاروں میں سے سات کے گراؤنڈ ہونے کے باعث ایئرلائن کو اپنے روٹس پر نظرثانی کرنا پڑی ہے۔ ان طیاروں کو سعودی عرب، پیرس اور ٹورنٹو کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، اور فنی خرابیوں کے باعث ان کی دستیابی محدود ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں :گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ،رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس میں بھی اضافہ