اسلام آباد (اے بی این نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی نے پروگرام “تجزیہ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستانی سیاست میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے نہ صرف بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا بلکہ ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے ایک نئی امید بھی پیدا کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 سے اب تک جو بیانیے اور آزمائشیں سامنے آئیں، ان کے اثرات گہرے اور دور رس ہیں اور یہی وقت ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان اپنی صفوں سے مایوسی اور بے یقینی کو نکال کر قومی یکجہتی کے لیے کھڑے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں بھارت نے “رائزنگ انڈیا” کا جھوٹا تاثر بنا کر اپنی ساکھ منوانے کی کوشش کی لیکن حقیقت میں بی جے پی کا ایجنڈا ناکام ہو چکا ہے۔ شہریار آفریدی نے دعویٰ کیا کہ بھارت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان کے خلاف کوئی جارحانہ اقدام کر سکتا ہے، اس لیے ملک میں قومی یکجہتی اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں سب سے زیادہ فائدہ کرپٹ سیاستدانوں اور بیوروکریٹس نے اٹھایا ہے جو پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کر کے دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس تمام کھیل کا اصل نقصان پاکستان، عوام، افواج پاکستان اور عمران خان کو ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کبھی کسی ڈیل یا این آر او کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ ہمیشہ عدالتوں اور آئین کے ذریعے جدوجہد کی ہے۔ عمران خان کے حوصلے اور ایمان کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان نے مشکل وقت میں بھی اپنی قوم کو پیغام دیا کہ سر اٹھا کر جیو، یہ ملک سب کا ہے اور ہم سب کو اسے آگے لے کر جانا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ سیاسی کلچر کی بحالی کی طرف ایک بڑا قدم ہے کیونکہ عوام سیاست اور پارلیمان سے متنفر ہو رہے تھے۔ یہ فیصلہ آئینی بالادستی اور جمہوری اقدار کی بحالی کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی لاکھوں کارکنان عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اپنے لیڈر کو میدان عمل میں دیکھیں۔ یہ کارکنان اپنی زندگیاں اور خواب عمران خان کی جدوجہد کے ساتھ جوڑ چکے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ جدوجہد کسی ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں اور پاکستان کے مستقبل کے لیے ہے۔
شہریار آفریدی نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ اندھیری رات جتنی بھی لمبی ہو آخرکار صبح ضرور طلوع ہوتی ہے، اور عمران خان کی جدوجہد حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کی روشن علامت ہے۔
مزید پڑھیں :مریم نواز کا انقلابی اقدام،ٹی کیش متعارف کرا دیا،بے تہاشا فوائدجا نئے تفصیلات