اہم خبریں

پی ٹی آئی بمقابلہ حکومت، ضمنی انتخابات فیصلہ کن،صورتحال گو مگو کا شکار

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما احمد اویس نے کہا کہ ان کی حکومت کے دور میں ملکی تاریخ کے بلند ترین 28 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2021 میں پاکستان کی برآمدات 37 ارب ڈالر تک پہنچ چکی تھیں جو اس وقت کے درست معاشی فیصلوں کا نتیجہ تھا۔ احمد اویس نے دعویٰ کیا کہ آج کی حکومت حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے جبکہ ریکارڈ اور اعداد و شمار چیک کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بلدیاتی انتخابات میں بھی جنرل الیکشنز جیسی صورتحال پیدا ہوئی اور فارم 45 یا فارم 47 کے مسائل سامنے آئے تو عوامی احتجاج ناگزیر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی تو عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے اور یہ سب کچھ تاریخ کا حصہ بنے گا کیونکہ نظام خود کو ایکسپوز کر رہا ہے۔وہ اے بی این نیوز کے پروگرام سوال سے آگے میں گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما کھیل داس کوہستانی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا دیا تھا لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت نے بروقت فیصلے کر کے معیشت کو سہارا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کو آج پوری دنیا میں عزت مل رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی احتجاج کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو تحریک انصاف آئی ایم ایف کو خطوط لکھ کر رکاوٹ ڈالتی ہے۔

کھیل داس کوہستانی نے مزید کہا کہ ہماری قیادت بھی جیلوں میں رہی لیکن کبھی قومی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا۔ ان کا مؤقف تھا کہ آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان کے مفاد میں تھا، کسی ایک فرد کا نہیں، تاہم تحریک انصاف نے اسے توڑا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن نے سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے کنٹرول میں جانے سے روکا تھا تاکہ ملکی خودمختاری پر سمجھوتہ نہ ہو۔

یہ بحث ایک بار پھر پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر مختلف بیانیوں کو نمایاں کرتی ہے، جہاں ایک طرف تحریک انصاف اپنے دور کے معاشی ریکارڈ پر زور دے رہی ہے تو دوسری طرف مسلم لیگ ن ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کا کریڈٹ لے رہی ہے۔ اس صورتحال نے انتخابی سیاست کو مزید گرما دیا ہے اور آنے والے بلدیاتی و ضمنی انتخابات میں عوامی ردعمل فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیں :کل اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت مؤخر کر دی گئی

متعلقہ خبریں