اسلام آباد( اے بی این نیوز ) آن لائن جوئے کی تشہیر کیس نے یوٹیوب کمیونٹی میں ہلچل مچا دی ہے۔ ڈکی بھائی کی گرفتاری کے بعد کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور اب مشہور یوٹیوبر رجب بٹ سمیت کئی دیگر شخصیات بھی تحقیقات کی زد میں آ گئی ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے محمد سرفراز چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ڈکی بھائی کو گرفتاری سے قبل دو نوٹس بھیجے گئے تھے جبکہ رجب بٹ کو بھی تحریری نوٹس جاری کیے گئے تھے۔
سرفراز چوہدری نے بتایا کہ رجب بٹ انکوائری کے آغاز میں ہی ملک سے باہر جا چکے تھے اور ان کا نام پی این آئی ایل میں شامل کر دیا گیا ہے۔ اگر وہ وطن واپس آتے ہیں تو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا اور اگر واپسی سے گریز کیا تو انٹرپول کے ذریعے انہیں پاکستان لایا جائے گا۔ البتہ اگر انہیں بیرون ملک سیاسی پناہ مل جاتی ہے تو واپسی کا امکان کم ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں مجموعی طور پر چھ افراد ملوث ہیں جن میں کچھ خواتین بھی شامل ہیں تاہم مزید نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ میزبان کی جانب سے مسٹر پٹلو کے ذکر پر سرفراز چوہدری نے تردید سے گریز کیا۔
مزید پڑھیں :نواز شریف مری پہنچ گئے،سیاست میں اہم پیش رفت کا امکان