راولپنڈی (اے بی این نیوز) اڈیالہ جیل فیکٹری ناکے کے قریب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آٹھ کارکنان کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں کشیدگی کی فضا برقرار تھی اور پولیس نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے۔
ذرائع کے مطابق فیکٹری ناکے پر علیمہ خان بھی موجود تھیں جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں نے مختلف اطراف سے ناکہ بندی کی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔
پولیس نے اس دوران قیدیوں کی وین بھی موقع پر پہنچا دی تاکہ گرفتار ہونے والے افراد کو فوری طور پر منتقل کیا جا سکے۔ گرفتاریوں کے بعد علاقے میں غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی اور عوامی حلقوں میں بے چینی بڑھ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنان کی گرفتاری اور پولیس کی موجودگی کے بعد اڈیالہ جیل کے اطراف سخت سکیورٹی نافذ کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا امن و امان کو متاثر کرنے کی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :FBISE نے 9ویں اور 10ویں کلاس کی ڈیٹ شیٹ جاری کر دی،جا نئے امتحانات کب شروع ہو نگے