کراچی ،اسلام آباد ( اے بی این نیوز )کراچی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارشوں نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ شہر قائد میں شدید بارش کے نتیجے میں 800 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ گلشن اقبال، گلستان جوہر اور ملیر سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔
ادھر تیز بارش کے باعث سندھ سیکرٹریٹ کی پارکنگ میں شیڈ گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی۔ پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمے کے مطابق 19 سے 22 اگست کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ جنوبی پنجاب کے شہروں ڈی جی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :تعلیمی اداروں میں ایک ہفتے کی چھٹیوں کا اعلان،جا نئے کب سے کب تک سکول کالجز بند رہیں گے