اسلام آباد( اے بی این نیوز ) سابق اسپیکر اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ان کا پاکستان تحریک انصاف سے 30 سالہ نظریاتی رشتہ ہے، جو کسی عہدے یا مفاد پر نہیں بلکہ اصول اور ایمان پر قائم ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1997 کے عام انتخابات میں شکست کے باوجود بانی پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوڑا اور 2002 میں کم پذیرائی کے باوجود جدوجہد جاری رکھی۔ اس وقت بھی لوگ کہتے تھے کہ یہ جماعت کبھی کامیاب نہیں ہوگی، لیکن ہم نظریے پر ڈٹے رہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی میں عہدہ لینا کوئی انعام نہیں بلکہ مشکلات اور نقصان کا باعث بنتا ہے، کیونکہ قیادت نے ظلم اور جبر کی بدترین صورتحال کا سامنا کیا۔ 9 مئی کے بعد سے 8 فروری تک پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کو وہ باعث فخر سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ لوگ مقدمات بھگت رہے ہیں، حکومت کو چاہیے کہ میرٹ پر ریلیف دے۔وہ اے بی این نیوز کے پروگرام تجزیہ میں گفتگو کر رہے تھے
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام مقدمات عوام کے سامنے کھلے عام چلائے جائیں تاکہ انصاف ہوتا ہوا نظر آئے۔ ان کے مطابق موجودہ فیصلے سیاسی انتقام، ظلم اور جبر پر مبنی ہیں، جبکہ وہ قائداعظم کے وژن کے مطابق ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں ادارے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کریں اور ہر شہری کو میرٹ کے مطابق حق ملے۔
اسد قیصر نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کا نہ ہونا ایک بڑا خلا ہے اور اپوزیشن کی حکمت عملی بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق طے ہوگی۔ بانی کا پیغام عوام تک درست شکل میں پہنچانے کے لیے مؤثر رابطہ ضروری ہے اور جیل میں ملاقات کا حق قانون کے مطابق سب کو حاصل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک صرف قانون اور آئین کے مطابق چلنے سے ہی امن اور سرمایہ کاری حاصل کر سکتا ہے، کیونکہ موجودہ صورتحال میں مقامی کے ساتھ بین الاقوامی عوامل بھی اثر انداز ہو رہے ہیں۔ ان کے ایجنڈے میں کسانوں، مزدوروں، طلبہ اور عام عوام کے مسائل شامل ہیں۔ خواتین اور بچوں کے ساتھ موجودہ سلوک کو انہوں نے انگریز دور سے بھی زیادہ ظالمانہ قرار دیا۔
اسد قیصر کے مطابق حقیقی آزادی صرف قانون کی حکمرانی سے ممکن ہے، اور اقتدار کے نشے میں مبتلا لوگ عوامی دباؤ کے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی پارٹی کے لیے مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں اور ان کی رہائی مذاکرات کے لیے ایک پل ثابت ہو سکتی ہے۔ جائیدادیں ضبط کرنے کے احکامات کو انہوں نے تاریخ کا بدترین ظلم قرار دیا۔
مزید پڑھیں :معرکہ حق جشن آزادی کی تقریبات ،ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا،جا نئے تفصیلات