اہم خبریں

پاکستان کا ڈیجیٹل کرنسی کی جانب انقلابی اقدام،جا نئے کیا

کراچی (اے بی این نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس سال جاپانی بلاک چین ٹیکنالوجی کمپنی سورامیٹسو کے ساتھ مل کر ملک میں مرکزی بینک ڈیجیٹل کرنسی (CBDC) کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی روپے کا ڈیجیٹل پائلٹ سورامیٹسو کے مرکزی بینک کے ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم پر چلایا جائے گا، جس کے لیے جاپان کی وزارت اقتصادیات، تجارت اور صنعت کے گلوبل ساؤتھ فیوچر اورینٹڈ کو-کریشن پروجیکٹ سے فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔

ٹوکیو یونیورسٹی آف فارن سٹڈیز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پاکستان کے ماہر مساتو توریہ نے نکی ایشیا کو بتایا کہ دیہی علاقوں میں زیادہ تر لین دین نقدی پر ہوتا ہے، یہاں تک کہ اجرت کی ادائیگی بھی، اور بینک اکاؤنٹس رکھنے والے لوگوں کی شرح کم ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینک کی ڈیجیٹل کرنسی کا مقصد نقدی کے انتظام اور تقسیم پر اٹھنے والے زیادہ اخراجات کو کم کرنا ہے۔کمبوڈیا کی بائیکونگ ڈیجیٹل کرنسی تیار کرنے والے سورامیٹسو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا یہ منصوبہ 250 ملین افراد یعنی 400 بلین ڈالر کی معیشت کے لیے اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

ٹوکیو میں قائم کمپنی انٹرنیٹ کے بغیر اسمارٹ فونز پر لین دین کی سہولت کے لیے آف لائن ڈیجیٹل کرنسی کی صلاحیتیں بھی تیار کر رہی ہے، جسے دیگر ترقی پذیر معیشتوں کے لیے ایک ماڈل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔گزشتہ ماہ، اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا تھا کہ مرکزی بینک ڈیجیٹل کرنسی پر ایک پائلٹ پروجیکٹ کی تیاری کر رہا ہے اور ورچوئل اثاثوں کے قوانین کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

سنگا پور میں رائٹرز نیکسٹ ایشیا سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل کرنسی پر اپنی صلاحیتیں بنا رہا ہے اور جلد ہی ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک نیا قانون لائسنسنگ اور ریگولیشن کی بنیاد فراہم کرے گا اور اسٹیٹ بینک پہلے ہی کچھ ٹیک پارٹنرز کے ساتھ رابطے میں ہے۔

حالیہ مہینوں میں، پاکستان نے اپنے مالیاتی نظام کو جدید بنانے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، جس میں حکومت کی حمایت یافتہ پاکستان کرپٹو کونسل (PCC) کا قیام بھی شامل ہے، جس کا قیام مارچ میں مجازی اثاثوں کو اپنانے کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا تھا۔

پاکستان کرپٹو کونسل بٹ کوائن کی کان کنی کے لیے اضافی توانائی استعمال کرنے پر غور کر رہی ہے اور اس نے بائننس کے بانی چانگپینگ ژاؤ کو ایک اسٹریٹجک مشیر مقرر کیا ہے، اور ایک ریاستی بٹ کوائن ریزرو قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہے۔کونسل نے ٹرمپ سے منسلک ورلڈ لبرٹی فنانشل سمیت امریکی کرپٹو کمپنیوں کے ساتھ بھی بات چیت کی ہے۔

مزید پڑھیں :قومی اسمبلی میں نئی صورتحال پیدا ہو گئی،پی ٹی آئی کو نئی پیش کش ،وجہ جا نئے کیوں

متعلقہ خبریں