دہلی ( اے بی این نیوز ) دہلی میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب راہول گاندھی کو 300 سے زائد اپوزیشن اراکین کے ساتھ مارچ کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔ اپوزیشن رہنما پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کے دفتر کی طرف بڑھ رہے تھے تاکہ انتخابی فہرست میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شفافیت کی کمی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرا سکیں۔
گرفتاری سے قبل راہول گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت طاقت کے ذریعے اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ لڑائی کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ آئین کے تحفظ اور ’’ایک شخص، ایک ووٹ‘‘ کے اصول کے لیے ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹ صاف اور شفاف ہونی چاہیے تاکہ ہر شہری کا حقِ رائے دہی محفوظ رہے۔
مظاہرے کے دوران پولیس نے پرینکا گاندھی، سنجے راوت اور ساگرِکا گھوش سمیت کئی نمایاں رہنماؤں کو بھی حراست میں لیا۔ اپوزیشن اتحاد کا مؤقف ہے کہ غیر منصفانہ انتخابی عمل اور ووٹر لسٹ میں شفافیت کی کمی جمہوری اقدار کے لیے سنگین خطرہ ہے، اور اس کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں :عمران خان کی شوکت خانم اسپتال سے طبی معائنے کیلئے درخواست دائر