اہم خبریں

عمران خان کی شوکت خانم اسپتال سے طبی معائنے کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد(اے بی این نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے شوکت خانم اسپتال سے فوری طبی معائنے کے لیے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی گئی ۔

مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جیل میں بانی کا وزن کم ہو چکا اور مختلف بیماریوں کا خدشہ ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے درخواست راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ کے ذریعے جمع کرائی۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ہر ماہ شوکت خانم اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں سے کرانے کا حکم دیا جائے۔ معائنے اور ٹیسٹ کے لیے ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی پر مشتمل ٹیم بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 برس ہے، جیل میں قید کے دوران ان کا وزن کم ہو چکا ، مختلف بیماریاں لگنے کا بھی خدشہ ہے۔

طبی معائنے اور رپورٹس عدالت اور اہلخانہ سے شیئر کرنے کی بھی استدعا کر دی گئی۔ جبکہ فوری ریلیف کے طور پر 3 روز میں معائنہ کرانے کا حکم دینے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ درخواست میں پنجاب حکومت اور آئی جی جیل خانہ جات کو فریق بنایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: زرتاج گل سزایافتہ ہیں،پہلے سرنڈر کریں، پھر اپیلیں سنیں گے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

متعلقہ خبریں