اہم خبریں

حکوت کا طرز حکمرانی پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے،عمیر نیازی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) اے بی این نیوز کے پروگرام “سوال سے آگے میں پی ٹی آئی کے راہنما عمیر نیازی اور ن لیگ کے رہنما اختیار ولی نے ملکی سیاست، قانون سازی، اور 9 مئی کے واقعات پر کھل کر گفتگو کی۔

عمیر نیازی کا کہنا تھا کہ90 دن کے لیے کیے جانے والے حالیہ فیصلے اور قانون سازی محض عارضی نہیں، بلکہ ان سے حکومت کا طرز حکمرانی پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق سیاسی اسپیس میں تیزی سے کمی ایک اتفاقی عمل نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی خودمختاری کو نشانہ بنایا گیا، جو کہ ایک غیر آئینی اقدام تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر ہر ادارہ اپنی حدود میں رہے تو ملک میں توازن اور استحکام ممکن ہے۔

انہوں نے مزید نشاندہی کی کہ300 ارب روپے کے چینی اسکینڈل کی تحقیقات تاحال شروع نہیں ہو سکیں، جو شفاف احتساب کے دعووں پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کے بقول، اگر حکومت واقعی احتساب کو سنجیدگی سے لیتی ہے تو پہل خود اسے کرنی چاہیے۔

دوسری جانب، ن لیگ کے سینئر رہنما اختیار ولی نے گفتگو میں 9 مئی کے واقعات کو ملکی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہا اس واقعے کے ذمہ داروں پر کوئی ابہام نہیں۔ ان کے مطابق، ویڈیوز، شواہد اور گواہیاں واضح طور پر ظاہر کرتی ہیں کہ تحریک انصاف کی دوسری صف کی قیادت اور بانی پی ٹی آئی کے قریبی افراد اس واقعے میں براہ راست ملوث تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ9 مئی کو صرف پی ٹی آئی کے کارکنان گرفتار ہوئے، کیونکہ موقع پر صرف وہی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اخلاقی اور سیاسی اتھارٹی کا تقاضا ہے کہ قوم اس واقعے پر گمراہ نہ ہو، بلکہ حقائق کو تسلیم کرے۔

اختیار ولی نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اگرچہ مقدمات کی گواہیاں وقت کے ساتھ متنازع ہوتی رہتی ہیں، لیکن اس واقعے کو جھٹلانا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق، اس دن کی تصاویر، بیانات اور موجودگی کے ثبوت سب کچھ بیان کر رہے ہیں، اور اس کے ذمہ داروں کو بچانا قومی بیانیے کے ساتھ زیادتی ہو گی۔

مزید پڑھیں :شیر افضل مروت کی تلخ حقیقتوں پر مبنی گفتگو،پارلیمینٹ کو تالے، ریاست کمزور،عمران خا ن کیساتھ ظلم

متعلقہ خبریں