اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان میں احتساب کے عمل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقوم کی وصولی کے لیے بحریہ ٹاؤن سے منسلک معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض کی چھ کمرشل جائیدادوں کی عوامی نیلامی کا انعقاد کیا۔نیلامی کے دوران “روبیش مارکی” نامی جائیداد کامیابی سے نیلام کر دی گئی، جس کی 500 ملین روپے کی ادائیگی اور قانونی منتقلی کا عمل اس وقت جاری ہے۔ یہ نیلامی اسلام آباد میں واقع نیب کے کارپوریٹ آفس کے تحت منعقد ہوئی، جہاں ریزرو قیمت یا اس سے زائد کی مشروط پیشکشیں موصول ہوئیں۔ تاہم، حتمی منظوری نیب کی مجاز اتھارٹی سے ابھی باقی ہے۔نیلامی کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔ اگرچہ ایک جائیداد کی فروخت کامیاب رہی، تین کمرشل پراپرٹیز مطلوبہ کوالیفائنگ بولی نہ ملنے کی وجہ سے فروخت نہ ہو سکیں۔ ان کے لیے جلد دوبارہ نیلامی کا اعلان کیا جائے گا۔نیب نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف پبلک فنڈز کی شفاف وصولی کا حصہ ہے بلکہ ادارہ قانون کی بالادستی اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔ ادارے کا مؤقف ہے کہ پلی بارگین کے بعد رقوم کی بروقت بازیابی عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔اس کیس کو نہ صرف احتساب کے نظام میں سنجیدہ پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ یہ کاروباری، قانونی اور سیاسی حلقوں میں بھی گہری توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
مزید پڑھیں :کون بنے گا اپوزیشن لیڈر ،3 نام سامنے آگئے ، ایک نے معذرت کر لی،دوسرے کی خاموشی،تیسرے کی لابنگ