اہم خبریں

وفاقی کابینہ نے شعیب جاوید حسین کو اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کا چیف ایگزیکٹیوآفیسر مقرر کر دیا

کراچی ( اے بی این نیوز    )وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پر شعیب جاوید حسین کو مزید تین سال کے لیےاسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان (SLIC) کا چیف ایگزیکٹیو آفیسر مقرر کر دیا ہے۔ان کی دوبارہ تقرری 6 اگست 2025 سے مؤثرہے۔
مارچ 2021 میں منصب سنبھالنے کے بعد سے شعیب جاوید حسین کی قیادت میں ادارے نے نمایاں تبدیلی کا سفر طے کیا ہےاور جدت، ترقی اور وسعت کے نئے دور کا آغاز ہوا۔ صرف چار برسوں میں اسٹیٹ لائف نے اپنے مارکیٹ شیئر میں خاطر خواہ اضافہ کیا، منافع میں 300 فیصد سے زائد، آمدنی میں 181 فیصداور پالیسی ہولڈرز کے لیے مختص منافع میں 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔ یہ ترقی تیز رفتار ڈیجیٹل تبدیلی، جدید مصنوعات کے اجرا، اور خدمات کی فراہمی میں بہتری کی بدولت ممکن ہوئی۔

شعیب جاوید حسین ایک سند یافتہ ایکچوئری ہیں، جنہوں نے بیئز بزنس اسکول، سٹی یونیورسٹی لندن سے ایکچوئریل مینجمنٹ میں ماسٹرز کیا ہے، اور انسٹیٹیوٹ آف ایکچوئریز (برطانیہ) کے فیلو ہیں۔ انہیں یورپ، شمالی امریکا اور ایشیا میں 20 سال سے زائد کا پیشہ ورانہ تجربہ حاصل ہے۔ 2021 میں اسٹیٹ لائف سے وابستہ ہونے سے قبل وہ AIA گروپ، ملی مین، پروڈنشل، EY اور HSBC جیسے اداروں میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ وہ انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین بھی ہیں، اور سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان کیبلز لمیٹڈ، اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے بورڈز پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

1972 میں قائم ہونے والی اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان ملک میں پبلک سیکٹر کی سب سے بڑی لائف اینڈ ہیلتھ انشورنس کمپنی ہے، جو مالی استحکام اور اعتماد کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ یہ ادارہ مسلسل AAA ریٹنگ برقرار رکھتے ہوئے لاکھوں پاکستانیوں کے لیےاعتماد اور استحکام کی علامت رہا ہے۔ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان حکومتِ پاکستان کی سرپرستی میں قومی اہداف جیسے مالی تحفظ، سماجی بہبود اور معاشی شمولیت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اور افراد، خاندانوں اور کاروباری اداروں کو زندگی اور صحت کی جامع، قابلِ رسائی اور قابلِ اعتماد بیمہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کا احتجاج،عمران خان کا قوم کو خراج تحسین،14 اگست کو ملک گیر احتجاج کی کال

متعلقہ خبریں