اہم خبریں

61 ممالک کی جیلوں میں 21 ہزار سے زائد پاکستانی قید، سعودی عرب سر فہرست

اسلام آباد (رضوان عباسی سے ) وزارت اوورسیز پاکستانیز کی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا کے 61 ممالک میں اس وقت 21 ہزار 406 پاکستانی شہری مختلف الزامات میں قید ہیں، جن میں بڑی تعداد خلیجی ریاستوں میں سزائیں کاٹ رہی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق اب تک 14 پاکستانی سفارت خانوں سے قیدیوں کا ریکارڈ موصول نہیں ہو سکا، جب کہ متعدد ممالک میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات مکمل طور پر شیئر نہیں کی گئیں۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ 10 ہزار 423 پاکستانی شہری مختلف جرائم یا قانونی خلاف ورزیوں کے باعث جیل میں ہیں۔متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 297 اورترکی میں 1 ہزار 437 پاکستانی زیر حراست ہیں۔

دستاویز کے مطابق دیگر ممالک بھارت میں 738 پاکستانی قید ہیں ، عمان میں 578، ملائیشیا میں 463، قطر میں 422، کویت میں 42،عراق میں 40 اور ایران میں 4 پاکستانی جیلوں میں موجود ہیں۔

یورپی و ایشیائی ممالک میں قید پاکستانیوں کی تفصیل کے مطابق امریکہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت 65 پاکستانی، برطانیہ میں 23، آسٹریلیا میں 27، اسپین میں 42، افغانستان میں 85، سری لنکا میں 112، بنگلہ دیش میں 1، نیپال میں 19، بلغاریہ میں 11، ڈنمارک میں 21ُاور ساؤتھ افریقہ میں 75 پاکستانی قید ہیں۔

دستاویزات میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ فرانس نے مقامی پرائیویسی قوانین کے تحت قیدیوں کی تفصیلات پاکستانی حکام سے شیئر نہیں کیں۔جاپان میں 16 پاکستانی قید ہیں، جن میں سے 6 پاکستانیوں کی معلومات پاکستانی سفارت خانے کو فراہم نہیں کی گئیں۔

دستاویزات کے مطابق سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں پاکستانی شہری صرف جرمانہ ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے بھی جیل میں قید ہیں۔مزید بتایا گیا کہ ارجنٹینا، برازیل، کیوبا، دارالسلام، گھانا، میکسیکو، مراکش، میانمار، نیوزی لینڈ، نائجر، روانڈا، سینیگال اور سنگاپور میں کوئی پاکستانی شہری اس وقت قید نہیں۔
مزید پڑھیں: گوجرانوالہ میں خاتون کے ہاں بیک وقت5بچوں کی پیدائش

متعلقہ خبریں