اسلام آباد (اے بی این نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس میں صفائی اور معیار کی خلاف ورزی نے ایک بار پھر عوامی نمائندوں کو حیرت میں ڈال دیا، جب قومی اسمبلی کے کیفے ٹیریا کے کھانے سے کاکروچ نکلنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ اگرچہ دس دن پرانا ہے، لیکن جب شکایات اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق تک پہنچیں، تو انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کیفے ٹیریا کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق، نہ صرف اراکین پارلیمنٹ بلکہ وہاں موجود عملے کے لیے بھی کھانے کی فراہمی کا یہ معاہدہ فی الفور ختم کر دیا گیا ہے۔ اسمبلی حکام نے واضح کیا ہے کہ صحت و صفائی کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خاص طور پر جب بات عوامی نمائندوں اور سرکاری عملے کی سہولت کی ہو۔
اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ فوری طور پر کسی اچھی شہرت کے حامل اور معیاری سروس فراہم کرنے والے نئے کنٹریکٹر کو ذمہ داری سونپی جائے، تاکہ مستقبل میں اس قسم کے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔ ترجمان قومی اسمبلی نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صفائی کے ناقص انتظامات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔اسمبلی حکام کے مطابق کھانے سے کاکروچ نکلنے کا واقعہ دس دن پرانا ہے ۔
مزید پڑھیں :سنی اتحاد کونسل قومی اسمبلی کی ایک اور نشست سے محروم ہونے کے قریب