اسلام آباد (اے بی این نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کی جائیدادوں کی نیلامی کے لیے 7 اگست 2025 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ یہ نیلامی نیب راولپنڈی آفس، جی-6/1 اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔
نیب کے مطابق نیلامی میں بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس II، پارک روڈ، بحریہ ٹاؤن فیز II راولپنڈی میں واقع پلاٹ نمبر 7-D اور پلاٹ نمبر 7-E شامل ہیں، جہاں بحریہ ٹاؤن کے مرکزی دفاتر قائم ہیں۔ اس کے علاوہ روبیش مارکی اینڈ لان، بحریہ گارڈن سٹی اسلام آباد، گالف کورس کے قریب واقع جائیداد بھی نیلامی کا حصہ ہو گی۔
نیلامی میں شامل دیگر اثاثہ جات میں بحریہ ٹاؤن فیز IV، راولپنڈی میں واقع ایرینا سینما، بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل اکیڈمی (اسکول بلڈنگ) جو جیسمین اسٹریٹ، سلور اوکس روڈ، صفر ولاز I، راولپنڈی میں واقع ہے، شامل ہیں۔ اسی طرح فیز سفاری ولاز، بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں واقع سفاری کلب بھی نیلام کیا جائے گا۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیلامی عدالتی احکامات اور کرپشن کے خلاف جاری کارروائی کے تحت کی جا رہی ہے تاکہ غیر قانونی اثاثوں کی بازیابی ممکن بنائی جا سکے۔ نیب نے عوام اور ممکنہ خریداروں سے نیلامی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
مزید پڑھیں :5 اگست ،پی ٹی آئی کا احتجاج، راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی