اسلام آباد (رضوان عباسی ) وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے مختلف شعبہ جات میں 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود شریک تھے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی موجودگی میں ہونے والے اس اہم موقع پر متعدد کلیدی شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے باضابطہ معاہدے اور ایم او یوز طے پائے۔
تفصیلات کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں علیحدہ علیحدہ معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔سیاحت، ثقافت اور ورثے کے تحفظ و فروغ کے لیے معاہدہ طے پایا۔
موسمیاتی تبدیلیوں، قدرتی آفات سے نمٹنے اور میٹرولوجی کے شعبوں میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔میری ٹائم سیفٹی اور فائر فائٹنگ میں باہمی تعاون کا معاہدہ کیا گیا۔عدالتی معاونت اور اصلاحات کے میدان میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
ہوابازی کی حفاظت (ایئر سیفٹی) سے متعلق 2013 میں ہونے والے معاہدے کے تحت ذیلی ایم او یو پر اتفاق کیا گیا۔مصنوعات کے معیارات پر عملدرآمد سے متعلق ایم او یو کی تجدید کی گئی۔فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر عملدرآمد کے لیے مشترکہ اسٹیٹمنٹ کی تیاری کا معاہدہ بھی طے پایا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور معاشی، سائنسی، عدالتی، ثقافتی و ماحولیاتی میدانوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا#
مزید پڑھیں :چینی سمگلنگ،سمگلر پولیس سے اسلحہ کی نوک پر ساتھی چھڑا کر فرار،کا نسٹیبل کی شرٹ پھا ڑ دی