اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیوں نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے چند وزرا، مشیروں اور معاونین کی کارکردگی پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے واضح پیغام دیا ہے کہ کارکردگی دکھانے والے ہی اپنی پوزیشن برقرار رکھ سکیں گے، جبکہ نااہل وزرا کو فارغ کر کے فعال اور تجربہ کار افراد کو آگے لایا جائے گا۔
مری میں حال ہی میں ہونے والی ملاقاتوں میں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ پارٹی اور حکومتی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔ انہی اجلاسوں میں نواز شریف نے بعض وزرا کے نام لے کر ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔
اور کہا کہ عوامی توقعات پر پورا نہ اترنے والے وزرا اور مشیروں کو کسی رعایت کے بغیر فارغ کیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی ہدایات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے اپنے وزرا اور مشیروں کی کارکردگی کا ازسرِنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اگر نتائج تسلی بخش نہ ہوئے تو محکموں کی تبدیلی، کابینہ میں ردوبدل اور نئے چہروں کی شمولیت کا قوی امکان ہے۔باخبر حلقوں کے مطابق چند وزرا اور مشیروں نے ممکنہ برطرفی سے بچنے کے لیے سفارشیں تلاش کرنا شروع کر دی ہیں، جبکہ پارٹی کے اندر بھی یہ بحث تیز ہو گئی ہے کہ کابینہ میں کس کو برقرار رکھا جائے اور کس کو ہٹایا جائے۔
مزید پڑھیں :سیاست میں بڑا بھو نچال،عمران خان کے بیٹوں کا تاریخی فیصلہ،جا نئے کیا، مخالفین کے ہوش اڑ گئے