کوئٹہ(اے بی این نیوز) ڈیگاری میں مرد اور خاتون کے قتل کے واقعے میں مقتولہ بانو کی والدہ نے ضمانت کی درخواست دائر کردی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں مرد اور خاتون کے قتل کے ہولناک واقعے میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل بی بی نے ضمانت کی درخواست دائر کردی، جس پر انسداد دہشتگردی عدالت نے سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گل بی بی کو پولیس نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب اس کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، گرفتاری کے بعد خاتون کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔
اس کیس میں گرفتار ایک اور اہم ملزم، سردار شیرباز ساتکزئی، کو کل عدالت میں دوبارہ پیش کیا جائے گا۔ شیرباز کو پہلے ہی انسداد دہشتگردی عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایس سی آئی (اسپیشل کرائم انویسٹی گیشن) کے حوالے کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزمان، جن میں مقتولہ کا بھائی جلال بھی شامل ہے، تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ کیس میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔یہ قتل کیس صوبے میں غیرت کے نام پر ہونے والے جرائم کی سنگینی کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: سرگودھا، 9 مئی کیس میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر سمیت 51 ملزمان اشتہاری قرار