اہم خبریں

جماعت اسلامی کے حقوق بلوچستان لانگ مارچ کو لاہور میں داخلے کے بعد روک دیا

لاہور(اے بی این نیوز) پنجاب پولیس نے منصورہ کا گھیراؤ کر لیا. جماعت اسلامی کے حقوق بلوچستان لانگ مارچ کو لاہور میں داخلے کے بعد روک دیا، قافلے کو آگے بڑھنے سے روک دیا ۔ مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کی قیادت میں لانگ مارچ کا قافلہ پیر کی شب لاہور پہنچا تھا، جس کی اگلی منزل اسلام آباد تھی۔

پولیس کی بھاری نفری، واٹر کینن اور پریزنر وینز منصورہ کے اطراف تعینات کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے منصورہ آنے اور جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں اور مظاہرین کو روکے جانے کی اطلاعات ہیں۔

خیال رہے کہ لانگ مارچ کا آغاز پانچ روز قبل کوئٹہ سے ہوا تھا، جس کا مقصد بلوچستان کے عوام کے بنیادی حقوق کا حصول اور وفاق کی توجہ مظالم کی جانب مبذول کروانا ہے۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے پنجاب حکومت کی کارروائی کو اوچھے ہتھکنڈے قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ پرامن مظاہرین کو روکے بغیر آگے بڑھنے دے، ریاستی جبر سے آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

امیرالعظیم نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ منصورہ کا گھیراؤ فوری ختم کیا جائے اور شرکاء کو اسلام آباد جانے دیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے فورٹ منرو کے بعد راستے میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے لانگ مارچ کی راہ میں مشکلات پیدا کیں جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

حقوق بلوچستان لانگ مارچ کے شرکاء کا کہنا ہے کہ ان کا احتجاج پرامن ہے اور وہ اپنے آئینی حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں۔9 مئی مقدمات: عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

متعلقہ خبریں