اہم خبریں

سدرہ قتل کیس،سنسنی خیز انکشافات ،جوڈیشنل مجسٹریٹ کی زیر نگرانی قبرکشائی

راولپنڈی(اے بی این نیوز) جرگے کے حکم پر قتل کی گئی نئی نویلی دلہن کے قتل کیس میں نیا موڑ آیا ہے گورکن نے سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔ راولپنڈی میں تھانہ پیر ودھائی کے علاقے میں جرگے کے فیصلے کے بعد نئی نویلی دلہن سدرہ دختر عرب گل کو قتل کرنے کے بعد خاموشی سے دفن کر دیا گیا تھا۔ تاہم یہ معاملہ اب گھمبیر صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔

جس قبرستان میں سدرہ عرب گل کو خاموشی سے دفن کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس قبرستان کے گورکن کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔ جس نے اب پولیس کو بیان دیتے ہوئے کئی سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔

گرفتار گورکن راشد محمود نے بتایا کہ لڑکی کو قتل کے بعد 17 جولائی کی صبح ساڑھے 6 بجے دفن کیا گیا تھا۔ تدفین سے قبل قبرستان کمیٹی کے رکن گل بادشاہ نے مجھے فون کر کے قبر تیار کرنے کی ہدایت کی تھی اور ایک گھنٹے میں قبر تیار کرنے کا کہا تھا۔گورکن کے مطابق اس روز شدید بارش اور مزدوروں کی عدم دستیابی کے باعث مقررہ وقت پر قبر تیار نہ ہونے کا گل بادشاہ کو بتایا تو گل بادشاہ صبح پونے 6 بجے 25 افراد کے ساتھ قبرستان آیا اور میرے ساتھ قبر تیار کرائی۔

گرفتار گورکن کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش لوڈر رکشتہ پر لائی گئی تھی، جس پر سرخ رنگ کی ترپال پڑی تھی۔ قبر تیار کرتے وقت رکشہ قبرستان میں ہی کھڑا رہا۔ گورکن راشد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں یہ بھی انکشاف کیا کہ خاتون کی تدفین کے موقع پر جب ممبر قبرستان کمیٹی کے بیٹے کو رسید نمبر 78 دی تو اس میں میت کا نام سدرہ دختر عرب گل لکھا، لیکن تھوڑی دیر دیکھا تو رسید نمبر 78 کا ریکارڈ ہی نہیں تھا۔

دوسری جانب راولپنڈی میں غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی خاتون سدرہ کے کیس میں عدالتی حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ کی نگرانی میں چھتی قبرستان پیرودھائی میں قبر کشائی کی گئی۔ قبر کشائی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ایلیٹ فورس اہلکار قبرستان میں تعینات رہے جبکہ قبر کے اردگرد قناتیں اور شامیانے لگائے گئے تھے۔

ہولی فیملی ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر مصباح کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم موقع پر موجود رہی، عدالتی مجسٹریٹ کے معائنے کے بعد ٹی ایم اے کے عملے نے قبر کھودنے کا عمل شروع کیا، اس موقع پر 2 ملزمان، گورکن راشد اور قبرستان کمیٹی کے سیکرٹری سیف الرحمٰن کو بھی نشاندہی کے لئے لایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: کولمبیا کے صدرنے اسرائیل کو کوئلے کی برآمد پر پابندی لگادی

متعلقہ خبریں