اہم خبریں

راولپنڈی میں جرگے کے فیصلے پر خاتون کے قتل کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا

راولپنڈی (اے بی این نیوز)راولپنڈی میں مبینہ طور پر جرگے کے حکم پر غیرت کے نام پر قتل ہونے والی شادی شدہ خاتون کے نکاح کی دستاویزات اور سسر کا بیان سامنے آگیا۔ جرگے کے فیصلے پر قتل ہونے والی سدرہ کے دوسرے شوہرعثمان نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

راولپنڈی میں جرگے کے فیصلے پرخاتون کے قتل کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا۔ مقتولہ کے دوسرے شوہر عثمان نے گزشتہ رات خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ عثمان اور سدرہ نامی خاتون کے نکاح کی دستاویزات بھی سامنے آگئیں۔

خاتون نے مظفر آباد میں 12 جولائی کو عثمان سے نکاح کیا تھا۔مقتولہ کے شوہر اور عثمان کے والد کا ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آیا ہے۔مقتولہ کے سسر اور شوہر عثمان کے والد محمد الیاس نے اپنے بیان میں بتایا کہ میرا بیٹا عثمان پیرودھائی بس اسٹینڈ ورکشاپ میں کام کرتا ہے، ہم لوگ مزدوری کرکے مشکل سے گزر بسر کرتے ہیں، مقتولہ نے تحفظ مانگا تو 30،40 ہزار روپے کا بندوبست کرکے میں ان کو عدالت لے گیا، میں نے نکاح کرایا اور عدالت میں بیانات جمع کرائے۔

سسر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ نکاح کے 4 دن بعد 10 لوگ ہمارے گھر اسلحے سمیت داخل ہوئے اور ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، مقتولہ کے گھر والوں نے کہا اب نکاح ہو گیا ہے ہم اس کو رخصت کریں گے۔محمد الیاس نے بتایا کہ ہم نے لڑکی کو اس کی فیملی کے حوالے کر دیا، 2 دن بعد معلوم ہوا لڑکی کا قتل ہوا ہے، لڑکی کے قتل کا سن کر ہم اور ڈر گئے، قتل کا الزام میرے بیٹے پر نہ آئے اس لیے میں نے اس کو خود پولیس کے حوالے کیا ، میری درخواست ہے ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
مزید پڑھیں:ایران میں شہری انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانے پر کالعدم مجاہدین خلق کے 2 ارکان کو پھانسی

متعلقہ خبریں