اسلام آباد ( اے بی این نیوز )چینی کے بعد کوکنگ آئل سکینڈل، عالمی منڈی میں قیمتیں کم، پاکستان میں تیل مہنگا! صارفین سے 150 روپے فی لیٹر مزید وصول کیے گئے۔
چینی سکینڈل کی بازگشت ابھی تھمی نہیں تھی کہ خوردنی تیل میں ایک اور بڑا مالیاتی سکینڈل سامنے آگیا۔ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں 24 فیصد کمی کے باوجود پاکستان میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں 4.5 فیصد اضافہ ہوا جس سے صارفین کو 150 روپے فی لیٹر مزید ادا کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ملائیشیا اور انڈونیشیا سے کوکنگ آئل رعایتی ڈیوٹی پر درآمد کرتا ہے تاہم اس سہولت کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچنے دیا گیا۔ قیمتوں میں اضافے سے بعض منافع خور مافیا براہ راست فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے آج ہونے والے اجلاس میں معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے اس حوالے سے تفصیلی سمری تیار کر لی گئی ہے جسے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ دسمبر 2024 سے عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے تاہم پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے براہ راست عوام کو نقصان پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں :ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی،تین ون ڈے، قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا