اسلام آباد(اے بی این نیوز) علمائے کرائم نے ماں اور بچے کی صحت کیلئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ ناگزیر قرار دیدیا۔اسلامی نظریاتی کونسل اور پاپولیشن کونسل کے اشتراک سے اسلام میں تصور میزان و احسان ، وسائل وآبادی میں توازن، ہماری بقا، ہمارا مستقبل کے موضوع پر جید علما کے ساتھ ایک روزہ مشاورتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کی۔
مشاورتی اجلاس میں سینئر ڈائریکٹر پروگرامز اور ریسرچ پاپولیشن کونسل ڈاکٹر علی محمد میر نے اپنے افتتاحیہ کلمات میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ماضی قریب اور بعید میں حکومتی اقدامات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کمیونیکیشن پاپولیشن کونسل علی مظہر نے اسلام میں تصور میزان و احسان اور متوازن زندگی کی اہمیت کے حوالے سے شرکا کو چند اعداد و شمار پیش کئے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 11 ہزار خواتین بوجہ حمل و زچگی موت کا شکار ہو جاتی ہیں۔دوران اجلاس علما کا مؤقف تھا کہ شرعی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ بچوں کی صحت کے تناظر میں والدین کا فرض منصبی بنتا ہے، ہاں یہ بات پیش نظر رہے کہ کوئی غیر شرعی طریقہ اختیار نہ کیا جائے اور نہ کوئی ایسا طریقہ اختیار کیا جائے جس کے طبی نقصانات ہوں۔
مزید پڑھیں: نادرا سے بچے کا ب فارم بنوانے کا آسان طریقہ