اسلام آباد (رضوان عباسی سے ) ملک بھر کے بجلی صارفین، بالخصوص کراچی کے شہریوں کے لیے حکومت کی جانب سے دیے گئے سستی بجلی ریلیف پیکج کے خاتمے کی اطلاعات سامنے آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے سستی بجلی پیکج کے تحت دیے گئے متعدد مالیاتی ریلیف کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1.55 روپے فی یونٹ سستی کی گئی تھی، تاہم یہ ریلیف رواں ماہ ختم ہو جائے گا۔ اس سے قبل 4.51 روپے فی یونٹ تک کمی کی مدت گزشتہ ماہ مکمل ہو چکی ہے، جس میں کراچی کے لیے 3.61 روپے فی یونٹ کا خصوصی ریلیف بھی شامل تھا۔
اسی طرح دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 1.90 روپے فی یونٹ کمی کی مدت بھی مکمل ہو چکی ہے، جب کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1.71 روپے فی یونٹ کمی کا ریلیف جون 2025 میں ختم کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور پیٹرولیم لیوی کے تحت ریلیف کے-الیکٹرک کے صارفین کو بھی دیا جا رہا تھا، جب کہ ری ٹینڈ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی مد میں دی گئی 90 پیسے فی یونٹ کمی کی مدت بھی ختم ہو چکی ہے۔ تاہم یہ ریلیف صرف ڈسکوز (DISCOs) صارفین تک محدود تھا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم نے 3 اپریل 2025 کو گھریلو صارفین کے لیے بجلی 7.41 روپے فی یونٹ سستی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے آغاز سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 1.16 روپے فی یونٹ تک کمی کی، اور ڈسکوز صارفین کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بھی 50 پیسے فی یونٹ کا ریلیف فراہم کیا گیا۔
توانائی شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان ریلیف اسکیمز کے خاتمے سے عوام پر دوبارہ مہنگی بجلی کا بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگائی کا دباؤ پہلے ہی عام صارف کے لیے ناقابل برداشت حد تک بڑھ چکا ہے۔