اہم خبریں

ٹریفک کنٹرول کا نیا دور، اسمارٹ سگنلز کی تنصیب،پیدل چلنے والے کے ہاتھ میں کنٹرول آگیا

لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب کے دل لاہور میں ٹریفک نظام ایک نئے اور انقلابی دور میں داخل ہو چکا ہے، جہاں شہر کی مصروف شاہراہوں پر جدید ترین ٹریفک سگنلز نصب کر دیے گئے ہیں۔ ان سگنلز کی خاص بات یہ ہے کہ اب ٹریفک کا کنٹرول بڑی حد تک پیدل چلنے والوں کے ہاتھ میں آ چکا ہے، جو بٹن دبا کر سگنل تبدیل کر سکیں گے۔

پنجاب حکومت اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ کوششوں سے یہ سمارٹ ٹریفک سگنلز شہر کے مختلف اہم مقامات، بالخصوص پیدل گزرنے والوں کے لیے خطرناک سمجھے جانے والے چوراہوں پر لگائے گئے ہیں۔ یہ نظام عالمی شہروں کی طرز پر بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور حادثات کی شرح کم ہو۔

حکام کے مطابق ان سگنلز میں جدید سنسر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو پیدل چلنے والوں کی موجودگی کا خودکار اندازہ لگا کر گاڑیوں کو رکنے کا سگنل دیتی ہے، جبکہ صارفین کو بٹن کی سہولت بھی دی گئی ہے تاکہ وہ باآسانی سڑک پار کر سکیں۔

لاہور میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل، حادثات اور رش کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام وقت کی ضرورت بن چکا تھا۔ اب نہ صرف راہگیر خود کو زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہیں بلکہ ڈرائیورز کے لیے بھی سگنلز کی واضح ہدایات سے ٹریفک کی روانی بہتر ہونے لگی ہے۔

یہ جدید سسٹم نہ صرف لاہور کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی علامت ہے بلکہ یہ اس بات کی دلیل بھی ہے کہ اگر شہری اور حکومت مل کر کام کریں تو ٹریفک جیسے پیچیدہ مسائل کا بھی مؤثر حل ممکن ہے۔

مزید پڑھیں :عارف علوی ، علی امین گنڈا پور ،شاہد خٹک،حماد اظہر ، خالد خورشید کے وارنٹ گرفتاری جاری، چھاپے شروع

متعلقہ خبریں