راولپنڈی (اے بی این نیوز) نومبر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے تین اہم مقدمات میں عدم گرفتاری کے شکار سیاسی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت کے فیصلے کے بعد پولیس نے کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جو آج سے باقاعدہ چھاپوں کا آغاز کر رہی ہیں۔
وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے والے ملزمان میں پاکستان کے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور، رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک، سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے ساتھ ساتھ فیصل آمین، وہاب علوی اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حماد اظہر سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان تمام رہنماؤں پر نومبر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز بیانات، املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان کی صورتحال بگاڑنے کے الزامات ہیں۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔
عدالتی حکم کے بعد پولیس حکام نے فوری ردعمل دیتے ہوئے راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں ٹارگٹڈ چھاپوں کی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کارروائی کو حساس قرار دے رہے ہیں اور مکمل رازداری کے ساتھ آپریشن کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں :بلوچستان میں پھر بس کا المناک حادثہ،جانئے کتنا جانی نقصان ہوا