اہم خبریں

اسلام آباد میں مہنگی چینی بیچنے پر متعدد دکانیں سیل، دکانداروں کو گرفتار کرلیا گیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے مہنگے داموں چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مقررہ ریٹ سے مہنگی چینی بیچنے پر متعدد دکانیں سیل کرکے دکانداروں کو گرفتار کرلیا۔

نجی چینل کے مطابق ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کے حکم پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں جاری ہیں، مقررہ ریٹ سے مہنگی چینی بیچنے پر متعدد دکانیں سیل کرکے دکانداروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ ریٹ لسٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے چینی مہنگی بیچنے والوں کی نشاندہی کریں، جس علاقے میں چینی مہنگی بیچی گئی، وہاں کے متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہو گی۔

یاد رہے کہ شوگر ملز کی جانب سے ایک سال کے دوران 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی تھی، جس کے بعد ملک میں چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔

ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی تھی، تاہم حکومت اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو گرام مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا، جس کے بعد حکومت نے چینی امپورٹ کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ٹریڈنگ کارپویشن آف پاکستان ( ٹی سی پی) کے ذریعے عالمی ٹینڈر جاری کیا تھا۔

گزشتہ روز عالمی ٹینڈر کی آخری تاریخ گزرنے کے باوجود کسی غیر ملکی تاجر نے چینی کی فراہمی کے لیے پیشکش جمع نہیں کروائی تھی۔

متعلقہ خبریں