اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے 9 مئی کیسز میں سنائی جانے والی تمام سزاؤں کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے شیر پاؤ پل مقدمے کا فیصلہ سنادیا گیا ہے جس کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور حمزہ عظیم سمیت 6 ملزمان کو بری کر دیا گیا ہے۔
عدالت کی جانب سے مقدمے میں 9 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر 10، 10 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے جن میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔
عدالت کی جانب سے اعجاز چوہدری ، عمر سرفراز چیمہ، خالد قیوم ، ریاض حسین ، علی حسن اور افضال عظیم کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
اس سے قبل سرگودھا میں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے 32 کارکنوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا ئی جبکہ عدالت کی جانب سے اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر کو بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں متنازع فیصلوں کی کمی نہ تھی اور آج متنازعہ فیصلوں میں ایک فیصلے کا اضافہ ہوا ہے۔
بیرسٹر گوہرعلی خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اور ساتھیوں نے کہا تھا شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے، ایک کیس میں مختلف جگہوں پر ٹرائل نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےعدالتوں کا سامنا کیا اور کبھی اس پر عمل نہ ہوا، اپوزیشن لیڈر پنجاب سمیت تین ارکان پارلیمنٹ کو سزا ہوئی، آج کے فیصلوں سے ثابت ہو رہا ہے عدلیہ اپنی ذمہ داریوں میں ناکام ہوگئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کا عدلیہ سے اعتماد اُٹھ گیا ہے، قانونی تقاضے پورے کئے بغیر ایسی سزائیں ناانصافی ہیں، رات تک ٹرائل چلائے گئے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 9 مئی مقدمات میں کئی جگہوں پر ایک فرد ہی الزام لگا رہا ہے، پی ٹی آئی کا یہ معاملہ نہیں ، قوم اور ہر فرد کا معاملہ ہے، یہ سیاسی معاملہ نہیں رہا ، پاکستان کے مستقل کا معاملہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا کہ جن لوگوں کو سزا دی گئی وہ بے جرم ہیں، دہشتگردی کا قانون کہاں کہاں استعمال ہوگا ، آئین میں واضح ہے، جلسےجلوس پر دہشت گردی نہیں لگ سکتی۔
بابر اعوان نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے ہائیکورٹ میں فیصلہ چیلنج کریں گے، سزاؤں سے تحریک انصاف کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔