اہم خبریں

12بھائی 6 دلہنیں،جانئے حیران کن صدیوں پرانی روایت

ہماچل پردیش (اے بی این نیوز) بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں ایک ایسی انوکھی شادی ہوئی جس نے نہ صرف سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا بلکہ مقامی ثقافت کو بھی عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا۔ اس غیر معمولی واقعے میں سنیتا چوہان نامی خاتون نے بیک وقت دو سگے بھائیوں، پردیپ نیگی اور کپل نیگی، سے شادی کر کے سب کو حیران کر دیا۔

یہ شادی کوئی عام رسم یا نیا رجحان نہیں بلکہ “ہٹی قبیلے” کی صدیوں پرانی روایت “جوڈیدرا” کا حصہ ہے، جو آج بھی زندہ ہے۔ ہماچل پردیش کے ضلع سرمور کے علاقے شیلائی میں 12 جولائی کو تین روزہ شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا، جہاں مقامی موسیقی، رقص اور روایتی لباس میں ملبوس مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔

اس شادی کی تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، اور خوشی کے اس موقع پر پورا گاؤں جشن کے رنگ میں ڈوبا رہا۔ ہٹی قبیلے کے لوگ اس روایت کو فخر سے نبھاتے ہیں، جس کا مقصد خاندانی زمین و جائیداد کو تقسیم ہونے سے بچانا بھی بتایا جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس روایت کو ریاستی قوانین کے تحت قانونی حیثیت حاصل ہے۔ ہماچل پردیش میں اس قسم کی شادی کو ریونیو قانون کے دائرے میں قبول کیا گیا ہے، جس کے باعث ایسی شادیاں صرف روایت نہیں بلکہ قانونی طور پر بھی معتبر ہیں۔

ہٹی برادری، جسے تین سال قبل حکومتِ بھارت کی جانب سے “شیڈول ٹرائب” کا درجہ دیا گیا، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے درمیان سرحدی علاقے ٹرانسگیری میں آباد ہے۔ بدھانہ گاؤں جیسے دیہی علاقوں میں، جہاں جدید دنیا کی تیز رفتار زندگی ابھی پوری طرح نہیں پہنچی، ایسی رسومات اب بھی بھرپور طریقے سے رائج ہیں۔ رپورٹس کے مطابق صرف گزشتہ چھ سالوں میں یہاں پانچ ایسی شادیاں ہو چکی ہیں۔

اس انوکھے واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی خوب دھوم مچائی ہے، جہاں لاکھوں صارفین اس روایت پر حیرت، دلچسپی اور تجسس کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک ہی خاتون کا بیک وقت دو بھائیوں سے شادی کرنا شاید دنیا کے بیشتر حصوں میں ناقابلِ تصور ہو، لیکن ہماچل پردیش کے ان پہاڑی دیہاتوں میں یہ روایت آج بھی پوری عزت و احترام سے نبھائی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں :سینیٹ الیکشن، ظہیر عباس نے عمران خان کی لسٹ دی تھی، سلمان اکرم راجہ

متعلقہ خبریں