لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف نے 5 اگست کو تاریخی مقام مینارِ پاکستان پر عوامی جلسے کے انعقاد کی اجازت کے لیے باضابطہ طور پر درخواست جمع کرا دی ہے۔ یہ سیاسی سرگرمی پی ٹی آئی کے بانی اور پیٹرن اِن چیف عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے سلسلے میں کی جا رہی ہے، جو اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز شیخ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو تحریری درخواست پیش کی ہے، جس میں 5 اگست کو شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک جلسے کے انعقاد کی اجازت مانگی گئی ہے۔ درخواست میں واضح کیا گیا ہے کہ جلسہ پرامن ہوگا اور اس کا مقصد صرف عمران خان کی رہائی کے لیے عوامی آواز بلند کرنا ہے۔
تحریک انصاف کی قیادت کا مؤقف ہے کہ یہ جلسہ ملک میں جمہوریت، انسانی حقوق اور آئینی بالادستی کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو گا۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر اجازت نہ ملی تو بھی عوامی رابطہ مہم جاری رکھی جائے گی، کیونکہ عمران خان صرف ایک سیاسی شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریہ بن چکے ہیں۔
ادھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی، ٹریفک پلان اور عوامی نظم و ضبط کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں :25جولائی تک بارشیں جاری رہیں گی