اسلام آباد (اے بی این نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسلادھار بارش نے نظام زندگی متاثر کر دیا۔ بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ شدید پانی کے بہاؤ نے سید پور کے علاقے میں خطرناک صورتحال پیدا کر دی۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق سید پور میں بارش کے پانی کے دباؤ سے ایک پل ٹوٹ گیا، جس کے باعث دو گاڑیاں نالے میں بہہ گئیں۔ خوش قسمتی سے فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور نشیبی علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ کر دیے گئے ہیں۔
سیلابی ریلے کے باعث ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا ہے اور کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران نالوں یا پلوں کے قریب جانے سے پرہیز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس غیر معمولی بارش کے بعد عوامی سطح پر حکومت سے نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے بہتر انتظامات کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر شہری اپنی مشکلات کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :سینیٹ الیکشن،خیبرپختونخوا اسمبلی میں پولنگ کا عمل مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری