اہم خبریں

بلوچستان لرزہ خیز واقعہ کا ڈراپ سین مرکزی ملزم گرفتار،مزید چھاپے جاری،ٹیمیں تشکیل

کوئٹہ (اے بی این نیوز) بلوچستان میں غیرت کے نام پر کیے گئے دوہرے قتل کی لرزہ خیز ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور گرفتاریوں کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہے، جس میں ایک نوجوان جوڑے کو گولیاں مار کر قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس نے اپنی مرضی سے شادی کی تھی۔

ذرائع کے مطابق مقتول جوڑا عیدالاضحیٰ سے چند روز قبل اپنے علاقے مرگٹ واپس آیا تھا، جو تھانہ ہنہ کی حدود میں واقع ہے۔ اطلاعات ہیں کہ شادی کے بعد دونوں نے تحفظ کے پیش نظر علاقے کو کچھ عرصے کے لیے چھوڑ دیا تھا، تاہم واپسی کے فوراً بعد انہیں نامعلوم افراد نے اغوا کر کے ایک ویران مقام پر لے جایا، جہاں انہیں بے دردی سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

واقعہ 3 یا 4 جون کو پیش آیا، اور اب ویڈیو کے وائرل ہونے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے مسلح افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان میں سے ایک مرکزی ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

بلوچستان حکومت نے اس افسوسناک واقعے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں قتل، دہشت گردی اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور کسی بھی ذمہ دار کو بخشا نہیں جائے گا۔

مزید پڑھیں :بلوچستان میں اندوہناک واقعہ،لڑکی کون تھی،واپس کیوں آئی،وزیر اعلیٰ نے کس کو کیا بتایا،جا نئے دل دہلا دینے والے انکشافات

متعلقہ خبریں