اہم خبریں

اپنے گھر پر چوری کی رپورٹ لکھوانے والے خود ’چور‘ نکلے

کراچی(ویب ڈیسک)کراچی کے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں کروڑوں روپے کی ہونے والی چوری کا ڈراپ سین ہوگیا۔ اطلاع دینے والے خود ہی ملوث نکلے۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق 16 جولائی کو سیکٹر 4 نزد مراقبہ ہال گھر میں چوری ہونے کی اطلاع پولیس کو دی گئی‌، پولیس نے فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور کرائم سین کا جائزہ لیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کیے گئے تو کرائم سین کے پاس کسی شخص کی موجودگی نہیں پائی گئی۔

طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن نے بعد از تحقیقات کے کارروائی کرتے ہوئے معاملہ سلجھا لیا اور اطلاع دینے والے اشخاص کو انٹروگیٹ کیا تو ملزمان نے واردات کا ڈراما کرنے کا انکشاف کیا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ درخواست گزار نے از خود گھر سے نقد رقم، موبائل فون اور طلائی زیورات چھپائے تھے، دوران تفتیش چچا نے عجلت میں 25 لاکھ کی رقم کو 4 سے 5 کروڑ روپے لکھوانے کا انکشاف کیا۔

درخواست گزار نے منہ بولے چچا کی 4 سے 5 کروڑ روپے کی غلط اطلاع کو صحیح ثابت کرنے کے لیے 10 اور 5 تولے کے 15 طلائی بسکٹ چوری کا پولیس کو بتایا، جھوٹی اطلاع دینے کا مقصد اپنے والد کی دی ہوئی رقم 25 لاکھ کا حساب دینے سے بچنا تھا جو گھر ہی پر فالتو اخراجات میں خرچ ہوگئی۔

پولیس کے مطابق جھوٹی اطلاع دینے والوں میں (چچا بھتیجا) صغیر احمد اور طلحہ وفا شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں