بنوں (اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی صورتحال ایک بار پھر خطرناک رخ اختیار کر گئی ہے، حملے کے نتیجے میں اے ایس آئی بدر منیر اور کانسٹیبل خورشید شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ڈرون حملہ رات کے وقت کیا گیا جب پولیس اسٹیشن معمول کے گشت اور سیکیورٹی سرگرمیوں میں مصروف تھا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حکام کے مطابق، حملے کی نوعیت اور ڈرون کے استعمال پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہے ہیں اور ممکنہ شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں تاکہ حملہ آوروں تک جلد پہنچا جا سکے۔ ڈرون حملے کی اس واردات نے مقامی آبادی اور پولیس فورس کے لیے سیکیورٹی خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
وزیر داخلہ اور اعلیٰ پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حملے کی مکمل رپورٹ جلد مرتب کر کے صوبائی حکومت اور وفاقی اداروں کو پیش کی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حملوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
مزید پڑھیں :آئی ٹی برآمدات4ارب60کروڑڈالرتک پہنچ گئیں،وفاقی وزیرآئی ٹی