اہم خبریں

خطرہ، راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مون سون بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس نے نہ صرف موسم کو خوشگوار کر دیا ہے بلکہ راول ڈیم میں پانی کی سطح میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔ ڈیم میں پانی کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1,752 فٹ ہے، جب کہ موجودہ سطح 1,747 فٹ تک پہنچ چکی ہے، یعنی صرف پانچ فٹ کا فرق باقی ہے۔ یہ صورتحال ضلعی انتظامیہ اور واٹر مینجمنٹ اداروں کے لیے الرٹ کا باعث بن گئی ہے، جنہوں نے حفاظتی اقدامات کو تیز کرتے ہوئے پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی شروع کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق اگر بارش کا یہی سلسلہ جاری رہا تو راول ڈیم اپنی مکمل گنجائش تک بھر سکتا ہے، جس کے بعد اضافی پانی چھوڑنے کے فیصلے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔

موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا یہ سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔ انتظامیہ نے ایمرجنسی سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دے دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

مزید پڑھیں :جمشید دستی کے حلقہ میں  پولنگ کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا،جانئے کب ہو گی

متعلقہ خبریں