لاہور (اے بی این نیوز)لاہور سمیت پنجاب میں طوفانی بارش، چھتیں، دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 30 افراد جاں بحق. قصور میں مکان کی چھت گرنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔
لاہور سمیت پنجاب میں رات گئے طوفانی بارش۔ چھتیں، دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے سے تیس افراد جاں بحق جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہوئے۔ لاہور میں دو خواتین اور ایک بچے سمیت سولہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ فیصل آباد اور رائے ونڈ میں 4، شیخوپورہ، شاہکوٹ، عارف والا اور ننکانہ صاحب میں ایک ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ بورے والا اور اوکاڑہ میں دو اموات ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث حادثات میں 30 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ لاہور میں چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ٹھوکر نیاز بیگ کے نواحی گاؤں میں ایک ہی خاندان کے پانچ، مومن پورہ میں تین اور مشن کالونی اور کوٹ جمال میں مزید چار افراد جاں بحق ہوئے۔ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے دو بچے جان کی بازی ہار گئے۔
فیصل آباد میں مکان کی چھت گرنے کے دو مختلف واقعات میں میاں بیوی اور ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ رائے ونڈ، شیخوپورہ، شاہکوٹ، عارف والا، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ اور بورے والا سمیت مختلف علاقوں میں بھی جان لیوا حادثات ہوئے۔اطلاعات کے مطابق قصور، رینالہ خورد اور دیگر شہروں میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے زخمیوں کی بڑی تعداد کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :کے پی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم ،تفصیلات سامنے آگئیں ،جانئے کس کو کو کتنی نشستیں ملی