اہم خبریں

لاہور میں موسلا دھار بارش، شہر کے مختلف علاقوں میں جل تھل، شہری پریشان

لاہور (اے بی این نیوز) لاہور میں موسم نے اچانک کروٹ لی اور مختلف علاقوں میں تیز بارش نے جل تھل ایک کر دیا ہے۔ ہربنس پورہ، عامر ٹاؤن اور تاج باغ میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ٹاؤن شپ، اسلام پورہ، سنت نگر اور راج گڑھ کے علاقے بھی بارش کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ مغل پورہ، کینال روڈ اور دھرم پورہ میں بھی رم جھم نے شہریوں کو حیران کر دیا۔

بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونا شروع ہو گیا ہے، خاص طور پر سنت نگر میں بارش کے بعد نکاسی آب کی ناقص صورتحال نے ٹریفک کی روانی متاثر کر دی ہے۔ شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لکشمی چوک میں 33 ملی میٹر اور پانی والا تالاب میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

بارش کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ضرور ہو گیا ہے، مگر سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے اور ٹریفک جام نے شہریوں کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت نکاسی آب کا بندوبست نہ کیا گیا تو اگلے چند گھنٹے شہریوں کے لیے مزید مشکلات لا سکتے ہیں۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کم از کم اگلے 12 گھنٹے موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں۔

مزید پڑھیں :عمران خان نے نے احتجاجی تحریک فوراً شروع کرنے کا حکم دے دیا

متعلقہ خبریں