اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری زندگی شدید متاثر ہو گئی ہے۔ تیز بارش نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا ہے، خاص طور پر ہاتھی چوک جیسے مصروف علاقوں میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، جبکہ شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جس کی وجہ سے متعدد گاڑیاں بند ہو گئیں اور لوگ راستوں میں پھنس کر رہ گئے۔ پانی جمع ہونے کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی بلکہ دفاتر اور کاروباری مراکز جانے والے افراد کو شدید مشکلات پیش آئیں۔
بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں، جہاں مقامی انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے پر شہریوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں حالیہ بارشوں کا یہ سلسلہ مون سون کے نئے اسپیل کا حصہ ہے، جو آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارش کا سلسلہ اسی شدت سے جاری رہا تو اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی میں احتساب کا آغاز، بیرسٹر گوہر کا بڑا بیان سامنے آگیا