اہم خبریں

پاکستان کو دنیا میں اس کا مقام دلوانے کے لیے اسٹرکچرل اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے ایف بی آر میں کرپشن پر اعلیٰ افسران کو گھر بھیج دیا، پاکستان میں ایماندار بیوروکریٹس کی بھی کمی نہیں مگر انہیں موقع نہیں دیا جاتا۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ‘اڑان پاکستان، سمر اسکالرز’ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس دورانیے میں مختلف محکموں کا جائزہ لیں اور آپ کی تجاویز اور مشورے ہمارے لیے فائدہ مند ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، جون 2023 میں میں پیرس گیا ہوا تھا، تب زیادہ تر لوگوں کا خیال تھا کہ ہم ڈیفالٹ میں جانے والے ہیں لیکن میں نے وہاں آئی ایم ایف کے ایم ڈی سے ملاقات کی تب مجھے یہ تو یقین تھا کہ ہم ڈیفالٹ نہیں کریں گے لیکن یہ یقین نہیں تھا کہ ہمیں آئی ایم ایف پروگرام ملے گا یا نہیں۔ تب میں پی ڈی ایم حکومت کا وزیر اعظم تھا اور اس ملاقات کے بعد ہم نے بحران پر قابو پالیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب ہم نے پچھلے سال انتخابات کے بعد حکومت سنبھالی تو ہمیں مہنگائی، زائد پالیسی ریٹ اور کاروباری ماحول میں شکوک کا سامنا تھا۔ ہم نے سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ محنت کی، ہماری ٹیم ورک کی وجہ سے ہماری پالیسی ریٹ 22 فیصد سے 11 فیصد پر آگئی ہے۔

وزیر اعظم نے اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کئی دہائیوں سے نہیں ہوا تھا۔ پاکستان کو عالمی دنیا میں اس کا مقام دلوانے کے لیے اسٹرکچرل اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ میں نے ہر ہفتے ایف بی آر میں اصلاحات کے لیے میٹنگز کیں اور ہمیں ایف بی آر میں بدعنوان عناصر سے سامنا ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کرپشن پر اعلیٰ افسران کو گھر بھیج دیا، پاکستان میں ایماندار بیوروکریٹس کی بھی کمی نہیں مگر انہیں موقع نہیں دیا جاتا۔ ہم نے بہترین افسران کو ایف بی آر میں جگہ دی اور کنسلٹنٹس کی خدمات لیں۔ ایف بی آر میں نظام کو ڈیجیٹائز کیا گیا اور فیس لیس ٹیکنالوجی لائی گئی، ایک صنعت جو کرپشن اورٹیکس چوری کی وجہ سے پہلے 12 ارب روپے دیتی تھی اب شفاف نظام کی وجہ سے 50 ارب دے گی۔

انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ ہم ملک کی خدمت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگر کوئی ملک کی خدمت کررہا ہے تو میں اس کا خادم ہوں اگر نہیں کررہا تو پھر میں اسے نہیں جانتا کہ وہ کون ہے۔
مزیدپڑھیں:سردار اویس لغاری کا وزیراعظم پاکستان کے اعتماد اور ستائس پر اظہار تشکر

متعلقہ خبریں