اہم خبریں

موسلادھار بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری، ہنگامی صورتحال متوقع

اسلام آباد (اے بی این نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں 17 جولائی تک موسلا دھار بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران جہلم، چکوال، سرگودھا، لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جو اربن فلڈنگ کی صورتحال کو جنم دے سکتی ہیں۔ گجرات، فیصل آباد اور نارووال کے شہریوں کو بھی ہوشیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں ندی نالوں کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث مقامی انتظامیہ کو ہنگامی تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس سے بارشوں کا یہ سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے فوری رابطے کی تلقین کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام تر وسائل تیار رکھیں تاکہ انسانی جان و مال کے نقصان سے بچا جا سکے۔

بارشوں اور سیلابی خطرے سے متعلق یہ الرٹ نہ صرف عوامی زندگی کو متاثر کر سکتا ہے بلکہ زرعی علاقوں میں بھی نقصان کا خدشہ ہے، اس لیے کسان برادری کو بھی موسم کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں :آٹھویں جماعت کے بورڈ کے امتحانات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

متعلقہ خبریں